نارسنگی ڈکیتی کیس ،8 رکنی ڈاکووں کی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبر آباد کی کوکٹ پلی سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے نارسنگی علاقہ میں پیش آئے ڈکیتی کی واردات میں ملوث آٹھ رکنی خطرناک ڈاکوؤں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال اور جرم میں استعمال کئے جانے والے ہتھیار برآمد کرلئے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سی وی آنند نے پریس کانفرنس میں گرفتار ڈاکوؤں کو میڈیا کے روبرو پیش کیا اور اس واقعہ سے متعلق تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ وی ناگا شیشو عرف نانی ہے جس کا تعلق ضلع کرشنا کے مچھلی پٹنم علاقہ سے ہے ۔ 9 اور 10 اکٹوبر کی درمیانی رات کو ناگا شیشو نے اپنے دیگر ساتھیوں بی وجئے کمار، ایس سائی کمار، ایس وسنت کمار، کے اشوتا نائک، کویٹی سکننا، انجی عرف بوڈا لنگیا، سدھاکر ،وینکٹیا، بویا چندر شیکھر اور بویا انجنیلو کی مدد سے نارسنگی علاقہ میں واقع فارم ہاوز کے مالکین کو لوٹنے کی غرض سے فارم ہاوز کے احاطہ میں داخل ہوکر واچ مین پر ہتھوڑی سے حملہ کیا اور بعدازاں فارم ہاوز کے مالک اور اس کی بیوی کے ہاتھ پیر باندھ کر کان کے ٹاپس ،منگل سوتر اور 30 ہزار نقد رقم لوٹ لی۔ اتنا ہی نہیں فارم ہاوز کے لاکر روم میں داخل ہوکر اسے توڑنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے ۔ ڈکیتی کی واردات انجام دینے کے بعد ناگا شیشو نے اپنا موبائیل فون گنڈی پیٹ تالاب میں پھینک دیا جس کا استعمال جرم میں کیا گیا تھا۔ مذکورہ ڈاکوؤں کی ٹولی سے متعلق اطلاع موصول ہونے پر کوکٹ پلی سی سی ایس کے انسپکٹر سی ایچ رنگا سوامی نے اپنے اسٹاف کی مدد سے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال اور ہتھیار برآمد کرلئے ۔