نارسنگی میں آشنا کی مدد سے شوہر کا بے رحمانہ قتل

ناجائز تعلقات پر شوہر کی رکاوٹ پر انتقامی کارروائی
حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) نارسنگی کے علاقہ میں ایک خاتون نے آشنا کی مدد سے اپنے شوہر کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس خاتون کے ناجائز تعلقات کے درمیان اس کا شوہر رکاوٹ بن رہا تھا ۔ پولیس کو اس قتل کا انکشاف دو ماہ بعد اس وقت ہوا جب نارسنگی پولیس نے ڈیفنس اراضی سے ایک انسانی ڈھانچہ کو برآمد کرلیا ۔ انسپکٹر نارسنگی پولیس مسٹر آنند ریڈی نے بتایا کہ اس ڈھانچہ کی جانچ کے بعد ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے شناخت کرلی ہے ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ ڈھانچہ 45 سالہ لکشما ایاکا ہے جس کو دو ماہ قبل اس کی بیوی امرتماں نے اپنے آشنا گوپال کے ساتھ ملکر قتل کردیا ۔

اس قتل کی سازش میں چالاک خاتون نے مقامی افراد کو بھی شامل کرلیا تھا ۔پولیس کے مطابق لکشمایا اور امرتماں گندم گوڑہ پیراں چیرو میں رہتے تھے لکشماایا پیشہ سے مزدور تھا ۔جو ضلع محبوب نگر کے ساکن بتائے گئے ہیں ۔ لکشما ایا کی بیوی امرتماں کے مقامی شخص گوپال سے ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے اور اس بات کا علم ہونے کے بعد امرتماں کیلئے اس کا شوہر رکاوٹ ثابت ہو رہا تھا ۔ امرتماں نے اپنے ناجائز تعلقات کو قائم رکھنے کیلئے اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا اور اپنے آشنا کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کے قتل کی سازش کی اور اس سازش پر عمل کرنے کیلئے مقامی افراد کو بھی شامل کرلیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لکشمایا پر لاکھوں سے حملہ کرنے کے بعد وزنی پتھر ڈالکر قتل کردیا گیا تھا ۔ پولیس نارسنگی مصروف تحقیقات ہے ۔