نارتھ ایسٹ پولیس رینج میں نظم و ضبط کی برقراری میں ضلع گلبرگہ کا بہترین مظاہرہ

گلبرگہ۔ 28ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع گلبرگہ کو قانون، نظم و ضبط کی برقراری اور محفوظ ٹریفک ،پولیس بیٹ ، اسپیشل ڈرائیووغیرہ کے معاملہ میں بہترین ضلع کا درجہ دیا گیا ہے۔ یہ انکشاف انسپکٹر جنرل پولیس نارتھ ایسٹرن رینج مسٹر آلوک کمار نے صحافتی بیان میںکیا ہے۔ مسٹر آلوک کمار نے کہا ہے کہ 2017کے دوران اپنی بہترین کار کردگی کے عوض ضلع گلبرگہ کی پولیس کو رولنگ شیلڈ اور 20.000روپیوں کا رقمی انعام دیا جائیگا۔ گزشتہ سال بہترین کار کردگی کے لئے ضلعی پولیس بیدر کو اس انعام سے نوازا گیا تھا ۔ انھوںنے کہا کہ اس بار کلبرگی سب ڈویژن کوبہترین سب ڈویژن کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے ۔ اس سب ڈویژن کو رولنگ شیلڈ کے ساتھ ساتھ 10ہزار روپیوںکا نقد انعام بھی دیا جائیگا۔یادگیر پولیس سرکل اور بسوا کلیان ٹائون پولیس اسٹیشن کو بھی انکی بہتر کارکردگی کیلئے رولنگ شیلڈس اور نقد 10ہزار روپیوںکے انعامات دئے جائیں گے۔ کلبرگی رورل پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل حسین پاشاہ کو سال 2017کا بہترین پولیس میان قرار دیتے ہوئے انھیں 10ہزار روپیوںکے رقمی انعام سے نوازا جائیگا۔ واضح رہے کہ حسین پاشاہ نے بدنام زمانہ غیر سماجی شخص تاج الدین کا پتہ لگانے میں مدد کی تھی ۔ یہ شخص گلبرگہ سنٹرل جیل سے فرار ہوگیا تھا ۔ دوڑ کے مقابلوںمیںآئی جی پی آلوک کمار زونل لیول پولیس اسپورٹس میں پہلے انعام کے مستحق قرار دئے گئے ۔ اسسٹنٹ ایس پی لوکیش دوسرے انعام کے مستحق ہوئے جبکہ یادگیر کے ایس پی یاڈا مارٹن نے تیسرا انعام حاصل کیا ۔ زونل لیول ٹینس ٹورنمنٹ میںآئی جی پی مسٹر آلوک کمار نے پہلا انعام حاصل کیا ۔ ایڈیشنل ایس کلبرگی جئے پرکاش نے دوسرا اور کلبرگی کے ایس پی ششی کمار نے تیسرا انعام حاصل کیا۔