نارائن پیٹ کے بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے عوام کا ہجوم

نارائن پیٹ۔/2ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر اعظم جن دھن اسکیم کے تحت نارائن پیٹ کے عوام بھی بینکوں میں کھاتے کھولنے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے میں مصروف ہیں۔ تمام قومی بینکوں میں عوام کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے اور ہر کوئی بینک میں کھاتے کھولنے میں لگے ہوئے ہیں۔ مسٹر منی کمار برانچ منیجر اسٹیٹ بینک آف حیدرآبادنارائن پیٹ برانچ نے سیاست نیوز کو بتایا کہ صفر اکاؤنٹ کی اس اسکیم کے تحت عوام کو سہولت دی جارہی ہے جس کی وجہ سے بینک میں کافی بھیڑ ہے۔ یومیہ تقریباً پانچ سو اکاؤنٹ کھولے جارہے ہیں جو کسی بھی بینک میں سب سے زیادہ کھولے جانے یومیہ اکاؤنٹ کی تعداد ہے۔ دوسرے قومی بینکوں کی بہ نسبت ایس بی ایچ میں سب سے زیادہ کھاتے کھولے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اکاؤنٹ کھولنے کیلئے آدھارکارڈ ضروری ہے اس کے علاوہ راشن کارڈ، پیان کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ، دیگر شناختی کارڈ بھی ہوں تو داخل کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم جن دھن اسکیم کے تحت بینک میں اکاؤنٹ کھولنے والوں کو 30ہزار روپئے کا لائف انشورنس، ایک لاکھ روپئے کا حادثہ بیمہ اور 50ہزار روپئے تک او ڈی کی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے احکامات کی روشنی میں صفر اکاؤنٹ کی سہولت عوام کو دی جارہی ہے۔