نارائن پیٹ /17 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی کی ایک تہنیتی تقریب الفلاح ہائی اسکول ، نارائن پیٹ میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت صدر الفلاح ایجوکیشن سوسائٹی جناب محمد امیرالدین ایڈوکیٹ نے کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نارائن پیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نارائن پیٹ کی ترقی کیلئے تمام افراد اور جماعتوں کا تعاون درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ایک پسماندہ علاقہ ہے جس کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے ۔ یہاں تعلیمی و معاشی پسماندگی کی وجہ سے عوام بڑی تعداد میں پڑوسی ریاستوں کو نقل مقام کرتے رہتے ہیں ۔ آبی وسائل کے فقدان کی وجہ سے یہاں زراعت بھی اچھی نہیں ہوتی چنانچہ کسان بھک مری کا شکار ہیں ۔ انہوں نے تمام پارٹی قائدین اور عوام کو بلالحاظ پارٹی وابستگی ترقیاتی کاموں میں آگے آتے ہوئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ اس موقع پر الفلاح اسکول کے امسال صد فیصد ایس ایس سی نتائج پر انہوں نے طلباء و انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کامیاب طلباء و طالبات کو تہنیت پیش کی ۔ انہوں نے الفلاح ہائی اسکول ، نارائن پیٹ کو سرکاری ایڈیڈ اسکول کا درجہ دلانے کا تیقن دیا اور طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں بھی مہارت پیدا کریں کیونکہ انہیں ایس ایس سی کے بعد انگریزی ذریعہ تعلیم کو اپنانا پڑتا ہے ۔ اس تقریب میں تلگودیشم قائدین ڈاکٹر کے نرسمہا ریڈی ، پرتاپ ریڈی کے علاوہ معززین شہر نظیر احمد تاج ، ذاکر ہزاری ، محمد تقی موذن ، ریاض الدین ، محمد معین الدین ،اعجاز ، محمد عارف ، محمد غوث اور صدر مدرس الفلاح اسکول جناب محمد عبدالغنی اور اسکول اسٹاف کے علاوہ طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر جناب محمد امیر الدین ایڈوکیٹ نے رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس آر ریڈی کی گلپوشی و شال پوشی کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔