نارائن پیٹ کی ترقی کیلئے اقدامات کا تیقن

نارائن پیٹ۔/19اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے امیدوار مسٹر شیوا کمار ریڈی نے نمائندہ سیاست سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس سیکولر اقدار پر مبنی پارٹی ہے، مسلمانوں کے تئیں مساوات اور ترقی کا جذبہ رکھتی ہے۔ مسٹر شیوا کما ریڈی نے بتایا کہ وہ گزشتہ 9سال سے بحیثیت سماجی کارکن بلالحاظ مذہب وملت حلقہ اسمبلی کے چار منڈلوں میں ایک فون کال پر ٹینکروں کے ذریعہ پانی سربراہ کررہے ہیں۔ ایس ایس سی ٹاپر بچوں کو رقمی امداد دی گئی، ہیلت کیمپ منعقد کئے گئے، آروگیہ شری اسکیم سے مایوس مریضوں کو انہوں نے اپنے ذاتی خرچ سے آپریشن کروائے۔ اسکولوں میں نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرستوں کے قدموں کو روکنے کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ممکنہ اقدامات عمل میں لاکر پسماندگی کو دور کریں گے۔