نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کیلئے احتجاج جاری

نارائن ۔ 9 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر محبوب نگر کی جانب سے نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق حالیہ ورکشاپ میں ناگر کرنول اور ونپرتی کو نئے اضلاع بنائے جانے کی سفارش پیش کئے جانے پر نارائن میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ عوام کا ماننا ہے کہ ناگر کرنول اور ونپرتی سے زیادہ وسائل اور حکومت کے شرائط اور رہنمایانہ وصول کو نارائن پیٹ ڈیویژن تکمیل کرتا ہے اور یہ حلقہ اسمبلی جات کوڑنگل ، نارائن پیٹ ، مکتھل ، دیورکدرہ کیلئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ سے نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کیلئے احتجاج جاری ہے ۔ تلنگانہ حکومت عوامی احساسات و جذبات اور تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کے مدنظر اضلاع کی تشکیل عمل میں لائے تو نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کا مطالبہ اول نمبر آتا ہے ۔ نارائن پیٹ ضلع سادھنا سمیتی کی جانب سے نارائن پیٹ ڈیویژنکے حلقہ جات کوڑنگل ، مکتھل ، نارائن پیٹ اور دیورکدرہ کے منڈلوں اور مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کیلئے عوامی رائے عامہ ہموار کی جارہی ہے ۔ مسٹر منوہر گوڑ ، کنویر صلع سادھنا سمتی نے اعلان کیا ہے کہ نارائن پیٹ کو ضلع بنانے تک یہ احتجاج جاری رہے گا ۔ نارائن پیٹ ڈیویژن میں محبوب نگر کے بعد سب سے زیادہ آبادی اور رائے دہندے موجود ہیں 150 ایکڑ سرکاری اراصی دفاتر کیلئے موجود ہے ۔ جغرافیائی حالات مناسب ہیں ۔ بین ریاستی شاہراہیں یہاں سے گذرتی ہیں ۔ اطراف و اکناف 3 ریلوے اسٹیشن موجود ہیں ۔ ریشمی سوتی ساڑیاں کے معاملہ میں ملک گیر شہرت کا حامل ہے ۔ سونے کی تجارت کا اہم مرکز ہے ۔ یہاں کے پہاڑی علاقوں میں ہیرے کے 24 ذخائر کے انکشاف سے پارلیمنٹ کی توجہ مرکوز کرلی ہے ۔ ان عوام کو مدنظر رکھتے ہوئے نارائن پیٹ کو ضلع بنایا جانا چاہئے ۔ بصورت دیگر عوام میں شدید ناراضگی پھیل سکتی ہے جو احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے ۔