نارائن پیٹ کو ضلع بنانے بھوک ہڑتال 56ویں دن میں داخل

نارائن پیٹ۔/25 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)  نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جاری سلسلہ وار بھوک ہڑتال آج 56ویں دن میں داخل ہوگئی۔ آج سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے آنکھوں پر پٹی باندھ کر بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ اس موقع پر نارائن پیٹ ضلع سادھنا سمیتی کے قائدین نے  بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والے قائدین کا خیرمقدم کیا اور ان کی گلپوشی کی۔ اس موقع پر کنوینر ضلع سادھنا سمیتی ڈاکٹر منوہر گوڑ نے کہاکہ نارائن پیٹ ڈیویژن کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے جس کے خلاف تاوقتیکہ یہاں کے عوام کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے نارائن پیٹ کو ضلع نہیں بنایا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر مسرز ناگوراؤ ناموجی ایڈوکیٹ، بی لکشمن، محمد صادق، گوپال یادو و دیگر موجود تھے۔

مارکٹ یارڈ نارائن پیٹ میں سب سے زیادہ تور کی دال کی خریدی
نارائن پیٹ۔/25جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف اکاؤنٹ آفیسر محکمہ مارکفیڈ ایف سی آئی حکومت تلنگانہ مسٹر انجینلو شرما نے نارائن پیٹ مارکٹ یارڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ریاست تلنگانہ کے 47 مارکفیڈ سنٹر ایف سی آئی گوداموں میں سب سے زیادہ تور کی خریدی نارائن پیٹ سنٹر پر ہوئی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تور کی واجبی داموں میں خریدی سنٹر نارائن پیٹ میں 5500 ( پانچ ہزار پانچ سو روپئے ) سے 39ہزار کنٹل ریکارڈ خریدی ہوئی ہے۔ انہوں نے مسٹر بنڈی وینو گوپال صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی نارائن پیٹ کو مبارکباد دی کہ انہوں نے حکومت کی کسانوں کیلئے جاری کردہ اس فلاحی اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے مساعی کی ہے۔ اس موقع پر سکریٹری مارکٹ کمیٹی مسٹر گوپال، سوپروائزر مسٹر لکشمن اور ٹی آر ایس قائد مسٹر سری پد و دیگر موجود تھے۔