نارائن پیٹ میں ڈینگو اور وائرل فیور کی وباء

نارائن پیٹ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ڈیویژن مستقر کے علاوہ اطراف و اکناف مواضعات میں وائرل فیور سے سینکڑوں افراد جن میں بچوں کی کثیر تعداد شامل ہے، متاثر ہیں۔ خانگی اور سرکاری دواخانہ پر روزانہ کئی افراد اس مرض سے متاثر ہوکر رجوع ہورہے ہیں۔ اس وباء سے مریض کو شدید بخار، جاڑا، سردی، زکام اور کھانسی لاحق ہوتی ہے۔ بخار کا درجہ حرارت 102 تا 104 تک پہنچ جاتا ہے۔ یہاں خانگی و سرکاری دواخانوں میں ڈینگو سے متاثرہ مریض بھی رجوع ہورہے ہیں، جنہیں فوری طور پر ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل محبوب نگر بھی منتقل کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت نے اس مرض سے نمٹنے کیلئے سرکاری دواخانوں میں خصوصی انتظامات کئے ہیں اور دواؤں کی بھی وافر مقدار منگوالی گئی ہے۔ اس مرض کو پھیلنے کی وجوہات میں گندگی اور مچھیروں کی بہتات بھی ہے۔