نارائن پیٹ /31 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ میں کل رات موسلادھار بارش کے سبب ایک قدیم مکان منہدم ہوگیا ۔ تاہم جانی نقصان نہں ہوا ۔ تفصیلات کے بموجب وارڈ نمبر 21 کے محلہ لعل مسجد میں اوقع جناب عبدالحفیظ منیار ، مرحوم کا مکان تقریباً رات ایک بجے اچانک منہدم ہوگیا ۔ اتفاق سے کمرہ کے تمام افراد متصل کمرہ میں محو خواب تھے ۔ واضح رہے کہ تین روز سے مستقر پر مسلسل کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس کی وجہ سے مستقر کی تمام سڑکیں ناگفتہ ہوگئی ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی آج صبح نائب صدر بلدیہ مسٹر نندو ناموجی ایڈوکیٹ و آر او مسٹر اننت ریڈی مقامی رکن بلدیہ جناب محمد تقی چاند پیر نے دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں ۔ نقصان کا تخمینہ تقریباً دیڑھ لاکھ بتایا جاتا ہے ۔ مرحوم عبدالحفیظ کی بیوہ نے بتایا کہ ان کی جملہ 8 اولاد ہیں جن میں 6 لڑکیاں اور دو لڑکے شامل ہیں ۔ چار لڑکیوں کی شادی ہوچکی ہے اور دو لڑکیاں جن کی شادی کرنی ہے ۔ دو لڑکے ابھی چھوٹے ہیں ۔ گھر کا خرچ چلانے کیلئے گھر کے تمام افراد بافندگی کا کام کرتے ہیں ۔ انہو ںنے ارباب مجاز محکمہ مال سے اپیل کی منہدمہ مکان کی تعمیر و درستگی کیلئے مالی تعاون کریں اور اہل خیر حضرات سے بھی انہوں نے دست تعاون دراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔ تفصیلات کیلئے متعلقہ وارڈ کے کونسلر جناب محمد تقی چاند پیر سے ان کے سیل نمبر 9642253107 پر بھی ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔