نارائن پیٹ میں مشن بھگیرتا کے کاموں کیلئے 18 کروڑ روپئے کی منظوری

نارائن پیٹ۔ 29 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدرنشین بلدیہ نارائن پیٹ شریمتی انسویا چندر کانت نے عجلت میں طلب کی گئی ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ریاستی حکومت نے نارائن پیٹ ٹاؤن میں پانی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مشن بھگیرتا اسکیم کے تحت 18 کروڑ روپئے کی گراں قدر رقم منظور کی ہے۔ واضح رہے کہ ایک عرصہ دراز سے نارائن پیٹ ٹاؤن میں مجموعی طور پر پانی کی شدید قلت ہے۔ اس سلسلے میں سابق حکومتیں صرف پانی کی موثر فراہمی کے وعدے کرتی رہی ہے لیکن موجودہ تلنگانہ حکومت نے اس قلت کو دور کرنے کیلئے 18 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اس رقمی منظوری کے لئے نمائندگی کرنے پر رکن پارلیمنٹ اے پی جیتندر ریڈی اور رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر نائب صدرنشین بلدیہ نندوناموجی اور چندر کانت موجود تھے۔

 

موضع بلال پور میں دردناک حادثہ
جے سی بی ، باؤلی میں گرگئی
آپریٹر ہلاک
کوہیر۔ 29 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل کے موضع بلال پور میںکل رات ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں جے سی بی سمیت آپریٹر ایک خشک باؤلی میں گر کر ہلاک ہوگیا۔ سب انسپکٹر پولیس پروین کمار ریڈی کوہیر کی اطلاع کے مطابق کل تقریباً 9 بجے شب موضع بلال پور میں جے سی بی سے مشن بھگیرتاکے کھودے ہوئے گڑھوں کو بند کرنے کا کام کیا جارہا تھا کہ اچانک لب سڑک پر واقع ایک خشک باؤلی تقریباً 30 گز میں جے سی بی گر گئی جس کی وجہ سے آپریٹر محمد عابد متوطن راجستھان عمر 28 سال ہلاک ہوگیا۔ نعش کو کافی مشقت کے بعد باؤلی سے نکالا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق جس وقت جے سی بی کا کام چل رہا تھا، وہاں پر دوسرا کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ متعلقہ کنٹراکٹر نے جے سی بی کے آپریٹر کو رات کے اوقات میں زبردستی دباؤ ڈال کر کام کی تکمیل کرنے کی ہدایت دے کر روانہ کیا تھا۔ آپریٹر رات کے اوقات میں کام کرنے کیلئے تیار نہیں تھا۔