نارائن پیٹ۔ 20 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ٹاؤن میں واقع درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ کے احاطہ میں ایک تقریب سنگ بنیاد منعقد ہوئی۔ بعدازاں احاطہ میں مسجد تقی بابا کا سنگ بنیاد سجادہ نشین درگاہ تقی باباؒ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ ان کے ہمراہ ٹاؤن کے علماء و حفاظ موجود تھے۔ مولانا سید شاہ غیاث الدین قادری (سجادہ درگاہ تقی بابا) نے کہا کہ مسجد کی تعمیر کرنا نہایت آسان ہے مگر مساجد کو آباد رکھنا فی زمانہ مشکل ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو باجماعت نماز پڑھنے کی تلقین کی۔ تقریب میں ٹاؤن کے حفاظ جناب حافظ فخرالدین تاج، حافظ عبدالقیوم، حافظ محمد غوث خلیفہ، حافظ عبدالرؤف، حافظ محمد حسین، حافظ محمد تقی کے علاوہ محمد یوسف، محمد میراں، محمد حسن الدین اور دیگر موجود تھے۔