نارائن پیٹ /10 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ٹاون تقریباً 70 ہزار فنوس پر مشتمل آبادی والا ایک ڈیویژن مستقر ہے اور اس علاقہ کا یہ ایک بڑا تجارتی مرکز بھی ہے ۔ یہاں پانچ بڑے اور قومی بینکوں کے ATM سنٹر موجود ہیں لیکن اکثر و بیشتر یہ اے ٹی ایم سنٹر کارکرد نہیں رہتے یا ھر ان سنٹروں میں پیسے ختم ہوجاتے ہیں ۔ جس کے سبب یہاں کے صارفین اور تاجرین کو آئے دن مشکلات کا سامنا ہے ۔ نارائن پیٹ ٹاون میں اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، آندھرا بینک ، کینارا بینک اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے اے ٹی ایم سنٹر موجود ہیں ۔ اے ٹی ایم سنٹر میں ہمیشہ رقم دستیاب رہتی ہے ۔ اس اعتماد پر صارفین جب ان سنٹروں سے پیسوں کیلئے رجوع ہوتے ہیں تو انہیں جب ان کی اپنی رقم دستیاب نہیں ہوتی ہے تو شدید مشکلات پیش آتی ہیں ۔ اس سلسلے میں ارباب مجاز مذکورہ بنکوں سے عوام کا مطالبہ ہے کہ ان مشینوں کو ہمیشہ کارکرد بنانے اور رقم کی ہمیشہ حصولیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے ۔