نارائن پیٹ میں عیدالاضحی جوش و خروش سے منائی گئی

نارائن پیٹ۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں عیدالاضخی نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ عید گاہ میں تقریباً 10 ہزار فرزندان توحید نے نہایت عقیدت و احترام ، خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عیدالاضحی ادا کی۔ نماز کی امامت سجادہ نشین جناب سید شاہ غیاث الدین قادری نے کی اور خطبہ دیا۔ قبل ازیں جناب حافظ چاند پاشاہ قمر ثاقب نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو اسوہ ابراہیمؑ کو اپنانے اور اپنے اندر جذبہ ایثار و قربانی پیدا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے عالم اسلام میں پیدا شدہ بحران، اہل ایمان کی آزمائشوں کا تذکرہ کیا اور ان آزمائشوں میں ان کی نصرت و کامیابی کیلئے دعاء کی۔ بالخصوص حج کے دوران حادثات میں شہید حاجیوں کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعاء کی۔ جناب محمد عبدالرحمن صدر انتظامی کمیٹی عید گاہ و قبرستان کمیٹی نے عید گاہ کی توسیع و تعمیر میں دل کھول کر عطیہ دینے کی اپیل کی۔ عیدگاہ کے قریب بلدیہ کی جانب سے نصب کردہ شامیانے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین جن میں مسٹر جی سدھاکر سابق صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی، ڈاکٹر کے نرسمہا ریڈی سابق صدر سنگل ونڈو، مسٹر نندو ناموجی ایڈوکیٹ نائب صدر نشین بلدیہ نارائن پیٹ، مسٹر ونود انسور، مسٹر بابنا چودھری، مسٹر صراف کرشنا پارٹی انچارج حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کانگریس کے علاوہ مسٹر رویندر پرساد، سرکل انسپکٹر اف پولیس، مسٹر راما لنگاریڈی، سب انسپکٹر و دیگر سیاسی قائدین نے مسلمانوں کو عیدکی مبارکباد دینے کیلئے موجود تھے۔