نارائن پیٹ میں سالانہ عرس کا 10 فروری سے آغاز

نارائن پیٹ /4 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع محبوب نگر کے نارائن پیٹ ڈیویژن مستقر پر واقع درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبزپوش قادریؒ کی سالانہ عرس تقاریب کا بروز پیر 10 فروری سے آغاز ہوگا ۔ اس بات کی اطلاع سجادہ نشین مولانا سید شاہ غیاث الدین قادری نے آج احاطہ درگاہ شریف میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دی ۔ جس میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ سجادہ نشین نے عرس تقاریب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پیر 10 فروری کو بعد نماز عصر جلوس پرچم قادریہ سے عرس تقاریب کا آغاز ہوگا جو پٹیل ہاوز روبرو جامع مسجد سے برآمدہوکر مختلف شاہروں سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہونچے گا ۔ منگل 11 فروری کو بعد نماز عشاء صندل کٹہ سے جلوس صندل برآمد ہوگا اور نماز فجر سے قبل صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ چہارشنبہ 12 فروری کو چراغاں ہوں گے اور بعد نماز عشاء احاطہ درگا شریف میں جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا جس کو مولانا حافظ محمد افسر الدین نظامی ، مولانا حافظ محمد شفاعت علی نظامی مخاطب کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری احمد حسین جمیل کی قرات کلام پاک سے ہوگا اور حافظ محمد فخرالدین تاج محمد ، حافظ سید محمد تقی رابع مصطفی قادری نعت پاک سنائیں گے ۔ جمعرات 13 فروری کو بعد نماز فجر محفل زیارت ، تلاوت قران ، فاتحہ خوانی اور تقسیم تبرکات عمل میں آئیں گے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی حافظ محمد عابد حسین کاظمی قادری الموسوی ( کوتہ کوٹہ ) کا خطاب ہوگا ۔ اسی روز بعد نماز عشاء محفل سماع کا انعقاد عل میں آئے گا جس میں تحسین خان نظامی ، پرویز حسین خان نظامی ( حیدرآباد ) کے علاوہ غفور نیازی اینڈ پارٹی ( محبوب نگر ) نعتیہ منقبتی اور عارفانہ کلام سنائیں گے ۔ سجادہ نشین نے مزید بتایا کہ عرس شریف کے موقع پر نہ صرف ریاست کے مختلف مقامات بلکہ پڑوسی ریاست کرناٹک کے علاوہ مہاراشٹرا اور گجرات کے دیگر مقامات سے بھی زائرین کی کثیر تعداد شریک ہوتی ہے ۔ اس کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر درگاہ کمیٹی کے ذمہ داران الحاج محمد نواز موسی ، الحاج محمد رفیق چاند ، الحاج غلام دستگیر چاند و داگر موجود تھے ۔