نارائن پیٹ ۔ 23 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلگودیشم رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر رڈی اور ٹی آر ایس ضلع سکریٹری مسٹر کے شیواکمار ریڈی نے علحدہ علحدہ دعوت افطار کاانجنا گارڈن فنکشن ہال میں اہتمام کیا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی ۔ ان مواقعوں پر ان قائدین نے مسلمانوں سے امن عالم اور ملک کی سلامتی ،ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ۔ مسٹر ایس راجندر ریڈی کی دعوت افطار میں سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ تقی بابا سبز پوش قادریؒ ، جناب سید شاہ غیاث الدین قادری ، صدر ضلع تلگودیشم مسٹر پی نرسمہلو ، ضلع انچارج تلگودیشم مسٹر این پی وینکٹیش نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مسٹر ایس راجندر ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان اس ماہ مقدس میں شہر کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کریں ۔ انھوں نے حلقہ اسمبلی کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے اپنے طورپر ہر ممکنہ اقدامات کرنے کے وعدہ کا اعادہ کیا ۔انھوں نے اعلان کیا کہ وہ نارائن پیٹ کے 100 غریب خاندانوں میں عیدالفطر سے قبل کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائیں گے ۔ افطار سے قبل مولاناشفاعت علی نظامی نے ماہ رمضان کے فضائل اور روزہ کی اہمیت پر سیر حاصل خطاب کیا۔ مسٹر کے شیوکمار ریڈی نے اپنی دعوت افطار کے موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ رمضان کے مقدس مہینہ میں ہم سب مل کر ملک میں امن و امان و بھائی چارگی کیلئے دعا کریں۔ تمام افراد سے شہر کی ترقی میں بھرپور تعاون کی انھوں نے اپیل کی ۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود و ترقی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کوشاں ہے ، چنانچہ 12 فیصد تحفظات اور اوقافی املاک کی بازیابی کے وعدہ پر قائم ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حلقہ کی ترقی کیلئے اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے وہ ہمیشہ کوشاں رہیں گے ۔ان دو تقاریب میں حلقہ اسمبلی کے ہزاروں مسلمانوں کے علاوہ ہندو بھائیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مسٹر ایس آر ریڈی رکن اسمبلی کی دعوت افطار میں تلگودیشم قائدین مسٹر رمیش گوڑ ، محمد ابرارالدین ایڈوکیٹ ، اوم پرکاش ، مہیش گوڑ ، روتی ، محمد چاند، محمود انصاری ، محمد فیروز حسین ، حسین لاٹھی و دیگر نے شرکت کی جبکہ مسٹر کے شیواکمار ریڈی ، ٹی آر ایس ضلع جنرل سکریٹری کی دعوت افطار میں ظہیرالدین ، عبدالرحمن ، اظہرالدین ،معین الدین پورلہ ، محمد غوث کے علاوہ کانگریس قائدین محمد منیر احمد فاروقی ، عبدالسلیم ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر نرسمہا ریڈی ، سرفراز حسین انصاری اور معززین میں محمد تقی چاند ، مجاہد صدیقی ، خلیل احمد تاج ، اعجاز حسین ، رؤف حسام الدین ، ارشد فیصل ، غوث چاند ، محمد میراں و دیگر نے شرکت کی ۔