زبردستی مقدمہ میں ماخوذ کرنے کا الزام، انسانی حقوق کمیشن سے رجوع
حیدرآباد۔/4جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کے ایک سب انسپکٹر کے خلاف انسانی حقوق کمیشن سے مسئلہ کو رجوع کردیا گیا ہے۔ ایک نابینا شخص نے ظلم و زیادتی اور زبردستی مقدمہ میں ماخوذ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انصاف کی درخواست کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الماس گوڑہ سرورنگر کے ساکن شخص نریش نے پولیس پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ فلم ڈائرکٹر کی ناجائز طور پر مدد کرتے ہوئے سب انسپکٹر نے بنجارہ ہلز جتیندر ریڈی نے زبردستی مقدمہ میں ماخوذ کردیا۔ انسانی حقوق کمیشن سے کی گئی درخواست میں اس نابینا شخص نے ایس آئی پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ ایس آئی نے درمیانی رول اختیار کرتے ہوئے اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کیا اور انصاف کے بجائے ناانصافی کرتے ہوئے پولیس پولیس اسٹیشن میں غیر ضروری محروس رکھا۔ اس شخص نے الزام لگایا کہ فلم ڈائرکٹر وجئے ریڈی کے خلاف شکایت سے دستبرداری ہوجانے اور باقی رقم کو بھول جانے کیلئے دباؤ ڈالا ایسا نہ کرنے کی صورت میں غیر ضروری مقدمہ میں ماخوذ کردیا گیا۔ اس شخص کا دعویٰ ہے کہ اس کے الزامات بے بنیاد نہیں ہیں بلکہ پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز کے سی سی ٹی وی کیمرے بھی اس کی گواہی دیں گے۔ اس شخص نے ایس آئی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔