حیدرآباد 18 ستمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش پولیس نے ایک ماؤیسٹ لیڈر کو گرفتار کرلیا ہے جو 2003 میں چندرا بابو نائیڈو کے قافلہ پر حملہ کرنے کے واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث تھا ۔ اس کے ساتھ اس کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ تروپتی پولیس نے کے کے کرشنپا عرف ساکٹ کو بنگلور سے کل صبح کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 39 سالہ کرشنپا 2003 میں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے قافلہ پر حملہ کے واقعہ میں بھی ملوث ہے ۔ اس حملہ میں چندرا بابو نائیڈو زخمی ہوگئے تھے ۔ کرشنپا کی شریک حیات آتماکوری بھوانی عرف گریجا کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے ڈائرکٹر جنرل پولیس جے وینکٹ راموڈو نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ کرشنپا 1998 سے لاپتہ تھا ۔ وہ نکسلائیٹس کے نلا ملا دلم میں 1998 سے 2002 تک سرگرم رہا جبکہ اس کی شریک حیات نیلور ضلع میں ایریا کمیٹی کی رکن تھی اور 1999 سے برسر کار تھی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ کرشنپا پر دوسرے سینئر نکسلائیٹس کو بھی پناہ اور مدد فراہم کرنے کا بھی الزام ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ کرشنپا نے الیپیری دھماکہ ‘ سری سیلم بینک ڈکیتی اور سنی پینٹا پولیس اسٹیشن پر حملہ کے واقعات میں ملوث رہنے کا اقبال کرلیا ہے ۔ اس کے سرپر پانچ لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیا تھا جبکہ اس کی شریک حیات کے سر پر چار لاکھ روپئے کا انعام تھا ۔ دونوں کو تروپتی میں عدالت نے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا ہے ۔