نائیٹس اور ہوریکنس کے درمیان آج دلچسپ مقابلہ متوقع

رائے پور۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ٹیم نارتھن نائیٹس اپنی فتوحات کے سلسلہ میں کل کھیلے جانے والے چمپیئنس لیگ کے مقابلہ میں آسٹریلیائی ٹیم ہوبارٹ ہوریکینس کے خلاف بھی برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔ اس مقابلہ میں نارتھن کے کین ولیمسن توجہ کا مرکز ہوں گے جن کے متعلق کہا جاتا تھا کہ وہ تکنیکی اعتبار سے باصلاحیت کھلاڑی ہونے کے باوجود ٹسٹ اور ونڈے کیلئے موزوں کھلاڑی ہے لیکن انہوں نے گذشتہ روز جنوبی افریقی ٹیم کیپ کوبراس کے خلاف ناقابل یقین سنچری اسکور کی ہے۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ٹیم نے تاحال ٹورنمنٹ میں اپنے ناقابل شکست موقف کو برقرار رکھا ہے۔ ولیمسن بھی اپنی ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے کافی لطف اندوز ہورہے ہیں جیسا کہ انہوں نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی بدولت 220 رنز اسکور کرلئے ہیں۔