ابوجا ۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا میں حکومت کی ایک خاتون ترجمان نے آج کہا کہ صدارتی محل کے قریب سیکوریٹی سرویس ہیڈکوارٹر پر فائرنگ کے واقعہ میں کم سے کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی انتہا پسندوں نے جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں یہ فائرنگ کی تھی۔ مقامی افراد نے کہا کہ آج صبح دو گھنٹوں تک فائرنگ جاری رہی۔ خاتون ترجمان میریلن اوگار نے اس واقعہ کی اہمیت کو گھٹاتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ایک قیدی ملوث ہے جو سیکوریٹی گارڈ پر حملہ کرتے ہوئے اس سے اسلحہ چھین نے کی کوشش کر رہا تھا ۔ اوگارڈ نے کہا کہ فائرنگ کی گھن گرج دراصل سیکوریٹی گارڈس اور سپاہیوں کی جانب سے جیل حکام کو خبردار کرنے کیلئے کی جانے والی شوٹنگ کا نتیجہ تھی۔ تاہم اوگارڈ نے بعد میں 18 ہلاکتوں کی توثیق کی، تاہم مہلوکین میں سیکوریٹی عملہ یا فوج کے ارکان شامل ہونے کے بارے میں واضح جواب نہیں دیا۔