سی سی ایس پولیس کی تفتیش میں انکشاف ‘ پاکستانی جاسوس انوشکا سے چیاٹنگ کی تفصیل بے نقاب
حیدرآباد 21 اگست ۔ ( ایس ایم بلال ) پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار نائب صوبیدار پتن کمار پوڈار نے سی سی ایس پولیس تحویل میں اہم اور سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں جسکے بعد دفاعی حلقوں میں ہل چل مچ گئی ہے ۔ پتن کمار نے تحقیقاتی عہدیداروں کو یہ بتایا ہے کہ وہ سال 2013 سے انوشکا اگروال نامی خاتون سے سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ کے ذریعہ ربط میں تھا اور اس نے محض چند فحش تصاویر اور 1.34 لاکھ روپئے کیلئے ہندوستانی فوج کی اہم و خفیہ تفصیلات فروخت کردیں ۔ ایک ہفتہ کی پولیس تحویل کے دوران سی سی ایس عہدیداروں نے پتن کمار کے لیاپ ٹاپ کی جانچ کی جس میں کئی سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔ 12 اگست کو سی سی ایس پولیس نے نائب صوبیدار کو چنچل گوڑہ جیل سے تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی عہدیداروں کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی جاسوس انوشکا اگروال کی ایما پر مقامی نوجوان آصف علی نے نائب صوبیدار کے بینک اکاونٹس میں وقفہ وقفہ سے 1.34 لاکھ روپئے جمع کئے تھے اور رقم کی منتقلی کیلئے کوڈورڈ مٹھائی استعمال کیا جس کے عوض فوجی نے ہندوستانی فوج کی اہم تفصیلات ،فوج کی تعیناتی کی تفصیلات ، آرٹیلری ریجمنٹس ،ڈیویژن ہیڈ کوارٹرس اور فوج کی نقل و حرکت سے متعلق تفصیلات فراہم کئے تھے ۔نائب صوبیدار انوشکا اگروال سے اسکائپ کے علاوہ ،فیس بک ،چیاٹنگ اور ای میلز سے ربط میں تھا ۔ انوشکا نے اسے رجھانے جنسی لطافت والی گفتگو کی اور فحش تصاویر روانہ کیں۔ نائب صوبیدار نے عہدیداروں کو یہ بتایا کہ اگست سال 2013 میں انوشکا اگروال نے سالگرہ کے موقع پر اس کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا منگل بری برانچ ضلع مالڈہ مغرب بنگال کے اکاونٹ میں 9 ہزار روپئے منتقل کئے تھے بعدازاں 9 مرتبہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے میرٹھ ،جویا اتر پردیش، بائیکا باغ الہ آباد، آصف جاہی روڈ نئی دہلی کے برانچس میں جملہ 1.34 ہزار روپئے جمع کئے تھے۔تحقیقاتی عہدیدار اس وقت تشویش کا شکار ہوگئے جب لاپ ٹیاپ میں موجود نائب صوبیداری اور پاکستانی جاسوس فیس بک کی چیاٹنگ سے انہیں یہ پتہ لگا ہے کہ انوشکا نے ہندوستان کے مخصوص علاقوں میں موجود فوج سے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کرلئے ۔ انوشکا نے 22 جولائی کو پتن کمار پوڈار کو اپنے ای میل آئی ڈی میل روانہ کیا تھا اور ایک سوال میں ’کیا 96 انفینڈری ریجمنٹ گوہاٹی کو مستقل منتقل ہورہی ہے یا پھر صرف فوجی مشق کررہی ہے ‘نائب صوبیدار نے بتایا کہ ریجمنٹ مستقل طور پر گوہاٹی منتقل ہوگئی ہے ۔ اسی طرح کئی آرمی بریگیڈیس ،انفنٹری بریگریڈیرس آرٹیلری بریگریڈیرس سے متعلق تفصیلات حاصل کئے گئے ۔ساتھی عملہ کی گرفت سے بچنے اس نے کئی سم کارڈس حاصل کئے تھے اور کئی ای میل آئی ڈیز تیار کئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نائب صوبیدار اور دیگر ملزمین نے الیکٹرانک آلات کا استعمال کرکے جاسوسی ریاکٹ قائم کیا تھا ۔ سی سی ایس پولیس اس کیس میں دفعات اضافہ کرنے درخواست داخل کرے گی۔ پولیس کو آصف علی کی تلاش ہے اور اس کو گرفتار کرنے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ۔