بغداد 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے نائب صدر جو بیڈن آج بغداد پہونچ گئے ۔ یہ انکا غیر معینہ اور اچانک کیا گیا دورہ تھا ۔ یہ دورہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب خود عراق کی قیادت سیاسی بحران کا شکار ہے اور اس کی افواج وہاں تخریب کار عناصر سے برسر پیکار ہیں۔ جو بیڈن کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر عراقی قیادت سے ملاقات کیلئے بغداد پہونچ گئے ہیں اور اس بات چیت میں عراقی قومی اتحاد کی حوصلہ افزائی پر توجہ دی جائیگی اور آئی ایس گروپ کے خلاف جدوجہد میں تیزی لانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر جو بیڈن عراق کی معیشت کو مستحکم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے علاوہ علاقائی تعاون میں اضافہ کیلئے بین الاقوامی برادری کی جانب سے جو اقدامات کئے جاسکتے ہیں ان کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔ واضح رہے کہ عراق کو فی الحال شدید مالی بحران کا بھی سامنا ہے اور اس کی معیشت بھی مسائل کا شکار ہے ۔ جو بیڈن نے 2011 میں بھی عراق کا دورہ کیا تھا ۔ اس کے بعد سے اب تک کا یہ سب سے اعلی سطح کے امریکی عہدیدار کا دورہ عراق ہے ۔ اب جبکہ امریکہ میں انتخابی مہم پوری شدت کے ستاھ چلائی جا رہی ہے اور صدر بارک اوباما اپنی دوسری معیاد کے بعد سبکدوش ہونے والے ہیں جو بیڈن کا یہ دورہ بحیثیت نائب صدرامریکہ عراق کا آحری دورہ ہوسکتا ہے ۔ ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ عراق کیلئے جو بیڈن کو ذمہ داریاں دی گئی تھیں اور وہ ابتداء سے اس مسئلہ پر امریکی انتظامیہ کے اہم رکن رہے ہیں۔