نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کا دورۂ گوا

پاناجی۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو 2 روزہ دورۂ گوا پر جمعرات سے جائیں گے۔ وہ اپنے دورہ کے موقع پر ایک تقسیم اسناد تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کے دفتر سے جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ڈابولم ایرپورٹ پر پہونچیں گے اور رانچی سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ گوا کے دورہ پر آنے والے ہیں۔ وینکیا نائیڈو راج بھون میں شب بسری کریں گے۔ بعدازاں وہ ایک کارخانہ کا 28 ستمبر کو رسم افتتاح انجام دیں گے۔ بعدازاں وہ جلسہ تقسیم اسناد میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں شرکت کریں گے اور دوپہر کو بذریعہ طیارہ ممبئی کے دورہ پر روانہ ہوجائیں گے۔ ان کے ترجمان نے ان کے دورہ کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی۔