حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) نو تعمیر شدہ مکان میں منتقلی میں تاخیر سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ بالا نگر پولیس کے حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 26 سالہ ہیما جو بالا نگر علاقہ کے ساکن شخص لکشمی راؤ کی بیوی تھی اس خاتون کے شوہر نے حالیہ دنوں نظام پیٹ میں نیا مکان تعمیر کیا تھا اور نئے مکان کی تقریب بھی ہوچکی تھی۔ خاتون جلد از جلد نئے مکان میں منتقل ہونا چاہتی تھی لیکن شوہر اس بات پر راضی نہیں تھا۔ بچوںکی تعلیم اور دیگر مصروفیت کے سبب وہ کچھ دن انتظار کے لئے بیوی کو سمجھا رہا تھا لیکن خاتون ضد پر اٹل تھی ۔ کل شوہر سے اس خاتون نے خواہش کی کہ وہ بریانی لے آئے۔ جیسے ہی شوہر بچوں کے ہمراہ ہوٹل گیا اس کے واپس آنے تک خاتون نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس بالا نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔