حیدرآباد 29 ستمبر ( این ایس ایس ) کانگریس ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں نئے اضلاع کی ترقی کی تفصیل جاری کریں۔ یہ اضلاع ٹھیک ایک سال قبل تشکیل دئے گئے تھے ۔ سدھاکر ریڈی نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد بھی پیش کی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نئے اضلاع میں عوام کو کوئی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو دئے گئے تیقنات پر اپنا محاسبہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کو ہتھکڑیاں ڈالنے ‘ اراضی اسکام ‘ دلتوں پر تھرڈ ڈگری کے استعمال اور آئی اے ایس عہدیداروں پر مظالم میں ترقی کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر شراب کے بہاؤ سے ریاست کو نشہ میں ڈھکیل رہے ہیں۔ ریاست میں ڈرگس اور گٹکا بھی کھلے عام فروخت ہو رہا ہے ۔ انہوں نے سے سوال کیا کہ کیا یہی سنہرا تلنگانہ ہے ؟ ۔