مے ویدر کا جاپانی باکسر ناسوکاوا سے مقابلہ

ٹوکیو۔6 نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) امریکی پروفیشنل باکسر فلائیڈ مے ویدر نے سبکدوشی کا اعلان واپس لیتے ہوئے دوبارہ مقابلوں میں شرکت کا اعلان کردیا ہے اور 31دسمبر کو وہ جاپانی کک باکسر ٹینشین ناسوکاوا سے مقابلہ کریں گے۔ فلائیڈ مے ویدر نے 50 مقابلے جیتنے کے بعد سبکدوشی کا اعلان کر دیا تھا۔ مقابلے کے لئے جاپانی مکسڈ مارشل آرٹس کمپنی سے معاہدہ کرلیا گیاہے۔ یہ میچ جاپان کے شہر سیٹاما میں ہوگا جس کی دیگر تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔41سالہ مے ویدر کا خود سے21سال چھوٹے باکسر سے مقابلہ شائقین کے لئے دلچسپی کا حامل ہوگا اور اسے غیر معمولی توجہ مل سکتی ہے۔امریکی باکسر نے کہا کہ اب میں امریکہ سے باہر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں۔ عام خیال یہ تھا کہ مے ویدر رنگ میں دوبارہ واپسی کی صورت میں آئر لینڈ کے کونر میکگریگر یا روس کے خبیب سے مقابلہ کریں گے لیکن انہوں نے بالکل غیر متوقع فیصلہ کیا اور ناقابل شکست جاپانی باکسر کا انتخاب کیا۔ ناسوکاووا اب تک کک باکسنگ کے 27 اور مکسڈ مارشل آرٹس کے4 مقابلے جیت چکے ہیں جبکہ مے ویدر بھی اپنے کیریئر میں50 مقابلوں کے ساتھ ناقابل شکست رہے ہیں۔