می سیوا کی خدمات میں ضلع محبوب نگر سرفہرست

محبوب نگر /20 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ سرکاری دفاتر کے خدمات کو آن لائین سے مربوط کرنے اور می سیوا کے ذریعہ عوام تک پہونچانے میں ساری ریاست میں ضلع محبوب نگر کو پہلا مقام حاصل ہے ۔ تعلیمی میدان میں پیچھے رہنے کے باوجود جدید ٹکنالوجی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ضلع کے عوام نے مثال پیش کی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق می سیوا کے ذریعہ 17 مختلف محکمہ جات سے متعلق 175 مختلف خدمات فراہم کی گئی ہیں ۔ عوام سرکاری دفاتر کے چکر کاٹے بغیر ہی می سیوا کے ذریعہ اپنے مقاصد کی تکمیل کر رہے ہیں ۔ گذشتہ سال جنوری تا ڈسمبر کے دوران 18,05,381 سرٹیفکیٹس جاری کرتے ہوئے ضلع محبوب نگر ریاست بھر میں اول مقام حاصل کیا ہے جبکہ 16,49,612 سرٹیفکیٹس جاری کرتے ہیوئے ضلع رنگاریڈی نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے ۔

می سیوا آسان اور تیز کارروائی کیلئے مشہور ہے ۔ می سیوا کے ذریعہ زیادہ تر پہانی ، انکم اور لوکل سرٹیفکیٹس حاصل کئے جاتے ہیں ۔ چنانچہ ضلع کے کسانوں نے گذشتہ سال 6,35,356 پہانی کی نقل می سیوا سے حاصل کی ۔ انکم کے 3,02,419 اور لوکل کے 35,349 سرٹیفکیٹس کے علاوہ آدھار کارڈز پاسپورٹس و دیگر اہم دستاویزات بھی می سیوا کے ذریعہ حاصل کئے جارہے ہیں ۔ ریاست میں سب سے زیادہ می سیوا سنٹرس 370 ضلع محبوب نگر میں قائم ہیں ۔ مزید 70 سنٹرس کے قیام کے بھی قوی امکانات ہیں ۔ جوائنٹ کلکٹر یل شرمن نے سیاست نیوز کو بتایا کہ منڈل سطح کے علاوہ منڈل کے 5 اہم مواضعات میں بھی سنٹرس کے قیام کی منظوری عمل میں آچکی ہے ۔ انہوں نے ضلع کو پہلا مقام ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحصیلدار اور آر ڈی اوز کی محنت کا نتیجہ ہے ۔ کیونکہ وقفہ وقفہ سے ان عہدیداروں نے ڈاٹا محفوظ کرتے ہوئے کام آسان بناکر عوام کو استفادہ کا موقع دیا ۔