نئی دہلی 20 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) میں بالکلیہ طور پر فیصلے کرنے والا وزیر دفاع ہوں ۔ وزیر دفاع ارون جیٹلی نے یہ ریمارک کیا ۔ واضح رہے کہ کانگریس کی جانب سے ان پر تنقید کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ پارٹ ٹائم وزیر دفاع ہیں۔ ارون جیٹلی جو وزیر فینانس بھی ہیں نے کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ لوگ انہیں پارٹ ٹائم وزیر قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تاہم سچ یہ ہے کہ میں ایک فیصلہ کرنے والا وزیر دفاع ہوں۔ کانگریس ترجمان شکیل احمد نے حال ہی میں سوال کیا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے 283 ارکان پارلیمنٹ میں کوئی وزیر دفاع کیوں نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ارون جیٹلی ایک پارٹ ٹائم وزیر دفاع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تھا کہ ایک ایسے شخص نے جو ملک کی سکیوریٹی پر بہت زیادہ اظہار خیال کرتا تھا اور اس کا دعوی بھی کرتا تھا وہ ایک اہل وزیر دفاع تلاش نہیں کرسکا ہے ۔ ایک اور کانگریس لیڈر آنند شرما نے بھی کہا تھا کہ یہ بہت تشویش کی بات ہے کہ ہندوستان کا کوئی مکمل وزیر دفاع نہیں ہے حالانکہ پانچ ماہ سے نئی حکومت کام کر رہی ہے۔