میں بچپن سے ڈاکٹر بننا چاہتا تھا: منوہر لال کھتر

چندی گڑھ۔ /7اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ ہریانہ منوہر لال کھتر نے آج اپنے بچپن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی ڈاکٹر بننے کی خواہش رکھتے تھے لیکن تقدیر کو کچھ اور ہی منظور تھا اور اس نے مجھے سیاست کے ذریعہ عوامی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں 22ویں چار روزہ سالانہ کانفرنس جو انڈین اکیڈیمی آف نیورولوجی کی جانب سے منعقد کی گئی تھی، کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کھتر اپنے بچپن کی یادوں میں کھو گئے اور کہا کہ وہ ڈاکٹر ی پڑھنا چاہتے تھے لیکن ان کے والد اس کے سخت مخالف تھے اور چاہتے تھے کہ خاندا ن کے دیگر افراد کی طرح وہ بھی ( کھتر ) کھیتی باڑی کریں۔ بہر حال کسی نہ کسی طرح دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد 1977 وہ آر ایس ایس سے وابستہ ہوگئے اور بعد ازاں بی جے پی میں شامل ہوگئے۔

انہوں نے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کی بے حد ستائش کی اور کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ عوام کی صحت کی نگہبان ہے اور یہاں بہترین خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ اس انسٹی ٹیوٹ کو مختلف اضلاع میں بھی توسیع دی جانی چاہیئے تاکہ سہولیات دیگر افراد کو بھی دستیاب ہوسکے۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ 70,000 مریض اس انسٹی ٹیوٹ کو مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے آتے ہیں جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف پر ذمہ داریوں کا کتنا زیادہ بوجھ ہوگا۔ لہذا اب ضرورت اس بات کی ہے کہ صحت کے شعبہ میں ریاستی ، ضلعی اور ڈیویژنل سطح پر اسے زیادہ سے زیادہ وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہریانہ اپنے عوام کو بہتر سے بہتر صحت خدمات فراہم کرنے اپنے وعدے کی پابند ہے اور اسی مقصد کے حصول کیلئے کرنال میں کلپنا چاؤلہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کھولا گیا ہے۔