فلاڈیلفیا۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آٹھویں بار فائنل کھیلنے کا اعزاز رکھنے والے میکسیکو نے جمیکا کو 3-1سے شکست دے کر ساتویں مرتبہ کونکاکاف گولڈ کپ فٹبال ٹورنمنٹ جیت لیا۔ فاتح ٹیم کیلئے اینڈرس گوارڈاڈو، جیسز کورونا اوراوریبے پیرالاٹا نے گول کئے۔ پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے والی کیریبین سائیڈ کی طرف سے محض ڈیرن میٹوکس ہی گیند کو جال میں ڈالنے میں کامیاب ہوسکے۔ میکسیکو نے فائنل جیت کر کنفیڈریشن کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔ میچ کا بہترین کھلاڑی جوناتھن ڈوس سانتوس اور پلیئر آف دی ٹورنمنٹ اینڈرس گوارڈاڈو کو قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز لنکن فنانشل فیلڈ اسٹیڈیم پر 68ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کھیلے گئے فائنل میچ میں میکسیکو نے جمیکا کی ٹیم کو آئوٹ کلاس کردیا۔ میچ شروع ہوا تو دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت کیلئے سخت جدوجہد شروع کر دی تاہم جمیکا کی ٹیم قدرے محتاط نظر آئی جس کا میکسیکن سائیڈ نے فائدہ اٹھاتے ہوئے
اس پر دبائو بڑھایا اور 30ویں منٹ میں مین آف دی میچ کاایوارڈ حاصل کرنے والے جوناتھن ڈس سانتوس اور پال اگویلر کی عمدہ کوشش کے نتیجے میں ٹورنمنٹ کے دوسرے ٹاپ اسکورر اینڈرس گوارڈاڈو نے گیند کوجال میں ڈال کر میکسیکو کو برتری دلادی۔ بعد ازاں جمیکا کی ٹیم نے کافی جدوجہد کی مگر کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا ہاف میکسیکو کی برتری پر اپنے اختتام کو پہنچا۔ دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں ینگ پلیئر آف دی ٹورنمنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے جیسز کورونا نے سنٹرل لائن سے انفرادی کوشش سے گیند حاصل کر کے 20گزکی دوری سے گول کر دیا جس سے میکسیکو کی برتری دوگنی ہوگئی۔ دو گولز کے خسارے پر جمیکا کے کھلاڑیوں نے کچھ تیزی دکھانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔ اسی دوران 61ویں منٹ میں پال اگویلر کی کوششوں سے اوریبے پیرالاٹا نے شاندار شوٹ کے ذریعے گول کرکے سبقت کو 3-0 کردیا جس نے کیریبین سائیڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 81ویں منٹ میں جمیکا کی جانب سے جوبی مک اینف کی کوششوں سے ڈیرن میٹوکس نے گول کرکے تھوڑی بہت اشک شوئی کی کوشش کی مگر جمیکا کا کوئی بھی کھلاڑی 90منٹ تک اپنی ٹیم کو مزید کوئی خوشی نہ دے سکا اور اسکور 3-1 ہی رہا۔جس وقت ریفری نے میچ ختم کرنے کیلئے وسل بجائی تو کوچ سمیت پورا میکسیکو کیمپ فیلڈ میں جاپہنچا۔