میکسیکو میں ریسلر گردن پر فلائنگ کک لگنے سے ہلاک

میکسیکوسٹی۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میکسیکو میں ریسلنگ کے دوران ایک ریسلر گردن پر فلائنگ کک لگنے سے چل بسا۔ شائقین اور ریسلر دیر تک یہی سمجھتے رہے کہ وہ زندہ ہے، کھیل جاری رہا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا ابھی آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی موت کو بھلا نہیں پائی کہ اور ایک کھلاڑی دوران کھیل جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔میکسیکو میں پہلوان کی فلائنگ کک سے حریف کی روح پرواز کر گئی۔تماش بین تماشاسمجھتے رہے،تالیاں پیٹتے رہے۔باجا کیلیفورنیا میں میکسیکن پہلوان رامیریز اگویاؤ پیدرو کو رنگ میں تڑپنے کی بھی مہلت نہ ملی۔حریف ریسلر گوٹیریز آسکر کی فلائنگ کک نے کام تمام کر دیا۔پیدرو اس کک کے بعد ہوش میں نہ رہا۔رنگ میں موجود پہلوان سمجھتے رہے کہ پیدرو ناٹک کر رہا ہے۔تماشائی بھی کھیل کا حصہ سمجھ کر تالیاں پیٹتے رہے۔لیکن اس فلائنگ کک سے پیدرو رامیریزکی گردن اور ریڑھ کی ہڈی میں فیرکچر ہوا جو جان لیوا ثابت ہوئے۔موت کے بعد بھی دو منٹ تک کھیل چلتا رہا۔35 سالہ پیدرو کو فوری ہستپال بھی پہنچایا گیا لیکن وہاں بھی صرف موت کی تصدیق ہی ہو سکی۔