خاتون کے گلے سے چین بھی چھین لیا گیا ، پولیس کی چوکسی پر سوالات
حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقوں میڑپلی اور کشائی گوڑہ میں سرقہ کی سنگین وارداتیں پیش آئی ۔ پولیس کی سخت چوکسی کے باوجود دن دہاڑے ایک شوروم اور ایک مکان سے سرقہ کرلیا گیا۔ میڑپلی پولیس حدود کے بوڈاپل علاقہ میں نامعلوم سارقوں نے خوف و سنسنی مچادی ، دن دہاڑے ایک ملبوسات کے ایک شوروم میں داخل ہوکر چاقوں کی نوک پر دوکان کو لوٹ لیا ۔ نامعلوم افراد کاایک گروپ جو دوکان کے باہر بھی پہرا دے رہا تھا اچانک شوروم میں داخل ہوگیا مقامی ذرائع نے یہ بات بتائی اور دوکان کو لوٹ لیا ۔ اس کے علاوہ ایک نوجوان خاتون کے گلے سے طلائی چین بھی چھین کر فرار ہوگئے ۔ جبکہ میڑپلی کے علاقہ چرکی پورم کالونی میں ایک خاتون کے مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق وجئے لکشمی نامی خاتون کے مکان سے سرقہ ہوا ۔ اس وقت خاتون کے مکان میں کوئی نہیں تھا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مکان کے تالے توڑکر 40 تولہ طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا گیا ۔ پولیس نے شکایتوں پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سارقوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ ان واقعات سے پولیس کی چوکسی اور اقدامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔