نظا م آباد :8؍جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )میڈیکل کالج نظام آباد میں تعمیری کاموں کی انجام دہی کیلئے تیزی سے سرگرمیاں جاری ہے۔ میڈیکل کونسل آف انڈیاقواعد کے مطابق تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے احکامات پر ضلع گورنمنٹ میڈیکل کالج میں تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے سرگرمیوں کا آغاز کیا گیاتاکہ ایم بی بی ایس کے چوتھے سال کی منظوری سے قبل اسٹاف کوراٹرس، بوائز ہاسٹل، میڈیکل کالج گیسٹ ہائوز، لکچرر گیالیری کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ماہ فروری میں میڈیکل کالج سے متصلہ محکمہ جنگلات اور آراینڈ بی کی دو ایکر 32 گنٹہ اراضی کوحکومت میڈیکل کالج کے حوالے کیا تھااور چیف منسٹر نے گذشتہ سال اگست میں ضلع کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر انہوں نے 100 کروڑروپئے میڈیکل کالج کیلئے منظور کرنے کا اعلان کیا تھاجس پر رکن پارلیمنٹ شریمتی کے کویتا نے چیف منسٹر سے میڈیکل کالج کے بارے میں نمائندگی کرنے پر 92 کروڑ روپئے منظور کیا تھا۔ جس کی بناء پر تلنگانہ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام کاموں کا آغاز کیا اور ٹنڈرس کی تکمیل کے بعد ان کاموں کو انجام دیا جارہا ہے اور 9ماہ کے عرصہ میں تمام کاموں کو طئے شدہ معاہدہ کے تحت انجام دینے کی ہدایت دی گئی اور ان کاموں کے سنگ بنیاد 12؍ جون کے روز وزیر صحت لکشما ریڈی، وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی، رکن پارلیمنٹ کے کویتا کے ہاتھوں رکھا جائیگا۔
ایم بی بی ایس سال سوم کی منظوری کے بعد چوتھے سال کی منظوری سے قبل میڈیکل کونسل آف انڈیامیڈیکل کالج کے دورہ کرنے کے امکانات ہیں۔ ان کے دورہ سے قبل ان تمام کاموں کو تکمیل کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ نئے میڈیکل کالج میں لکچرر گیالیری کی تعمیر کیلئے قدیم آرویدک دواخانہ کو منہدم کرتے ہوئے یہاں پر تعمیری کام انجام دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کالج کیلئے 2 ایکر 32 گنٹہ اراضی میں طلبہ کو ہاسٹل پروفیسرس کوارٹرس اور میڈیکل کالج کے گیسٹ ہائوز تعمیر کیا جائیگا۔ کالج میں مخلوعہ جائیدادوں کی بھرتی کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ کملناتھ کمیٹی کی جانب سے جائیدادوں کی بھرتی کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔ جس کی وجہ سے میڈیکل کالج میں تمام مخلوعہ جائیدادوں کی بھرتی کے امکانات ہیںاور حکومت حال ہی میں میڈیکل کالج سے متصلہ دواخانہ کو ایک ہزار بستروں والا دواخانہ میں تبدیل کرتے ہوئے سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے بھی کوشش کی جارہی ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے حال ہی میں سرکاری دواخانہ کے دورہ کے موقع پر نظام آباد میڈیکل کالج کے دواخانہ کو دہلی ایمس کی طرز پر دواخانہ کی ترقی انجام دینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔