میچ کے دوران بریک نہ دینے پر اطالوی کوچ برہم

مانواس ( برازیل ) 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اٹلی کے کوچ سیسارے پرانڈیلی نے ورلڈ کپ آرگنائزرس پر تنقید کی ہے اور کہا کہ میچ کے دوران رطوبت زیادہ ہونے کے باوجود کوئی بریک نہیں دیا گیا ۔ امیزان علاقہ میں کھیلے گئے میچ کے آغاز کے وقت درجہ حرارت 28 ڈگری سنٹی گریڈ اور رطوبت 60 فیصد تھی ۔ تاہم میچ کے دوران چونکہ درجہ حرارت 32 ڈگری سنٹی گریڈ سے زیادہ نہیں ہوا تھا اس لئے میچ ریفری جون کوئیپیرس نے کسی طرح کا بریک نہیں دیا ۔ حالانکہ ابتداء میں میچ میں دونوں ٹیموں کی رفتار تیز تھی تاہم بعد میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی موسم سے پریشان دکھائی دے رہے تھے ۔ پرانڈیلا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آرگنائزرس کو کوئی بریک دینا چاہئے تھا لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے گریز کیا ۔