میچ کا آغازہیٹ ٹرک سے کر نے کے باوجود شکست کا سامنا

لندن، 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کاؤنٹی ورسٹرشائر نے اپنے پیس بولر جو لیچ کا کارنامہ بھی خاک میں ملادیا جنہوں نے نارتھمپٹن شائر کیخلاف ونڈے میچ کی ابتدائی تین گیندوں پر رچرڈ لیوی،راب کیوگ اور بین ڈوکیٹ کی وکٹیں گرا کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ 24 سالہ پیسر کی تیس رنز کے عوض چار وکٹوں کے باوجود وورسٹر شائر کے بیٹسمین حریف ٹیم کے واجبی سے اسکور 126رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 21 رنز سے میچ ہار گئے۔ جو لیچ سے قبل سری لنکا کے چمندا واس نے بھی ورلڈ کپ 2003ء میں بنگلہ دیش کیخلاف پہلے اوور میں ہیٹ ٹرک کرنے والے اولین بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

 

پاکستان میں نئے باکسر کو خود ٹریننگ دوں گا: عامر خان
لاہور ، 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اس ٹینلٹ کو سامنے لانا ہے۔ اسپورٹس میں پاکستان نے بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں۔ وہ کل یہاں لاہور پریس کلب میں مخاطب تھے۔ عامر خان نے کہا کہ وہ خود آکر پاکستان میں باصلاحیت باکسرز کو ٹریننگ دیں گے۔ یہاں اگر کھلاڑیوں کو تمام سہولیات ملیں تو وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی بن سکتے ہیں۔