میلبورن ۔7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ بنگلہ دیش کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا جہاں زخموں کے سبب مچل اسٹارک اور جیمز پیٹنسن سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔آسٹریلین فاسٹ بولرز مچل اسٹارک اور جیمز پیٹنسن زخمی ہونے کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور جیکسن برڈ کو پیٹنسن کے متبادل کے طور پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔بنگلہ دیش میں متوقع اسپن وکٹوں کو مدنظر کوئنز لینڈ کے لیگ اسپنر مچل سواپسن کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔سواپسن رواں سال کے اوائل میں ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کینگروز اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں کرئیر کے آغاز کا موقع نہیں مل سکا تھا۔آسٹریلیائی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کے دوران دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گی۔اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت اسٹیون اسمتھ کریں گے جبکہ ڈیوڈ وارنر نائب کپتان ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں ایشٹن ایگار، ہلٹن کارٹرائٹ، پیٹ کمنز، پیٹر ہینڈز کومب، میتھیو ویڈ، جوش ہیزل ووڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لائن، گلین میکسویل، جیمز پیٹنسن، میٹ رینشا اور مچل سواپسن شامل ہیں۔آسٹریلیائی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کا آغاز دو روزہ ٹور میچ سے کرے گی جو 22 سے 23 اگست تک کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹسٹ 27 تا 31 اگست میرپور جبکہ دوسرا ٹسٹ 4 سے 8 ستمبر تک چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا اورکھلاڑیوں کے درمیان مالی تنازعہ کی وجہ سے مجوزہ سیریز پر سوالیہ نشان لگا ہوا تھا۔