ٹی آر ایس ارکان کا واک آؤٹ، عہدیداروں پر لاپرواہی کا الزام
ونپرتی۔/30نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی میونسپل ماہانہ اجلاس پی رمیش گوڑ کی صدارت میں میونسپل دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ایل اے ونپرتی ڈاکٹر جی چناریڈی نے شرکت کی۔ اجلاس کے شروع ہوتے ہی کانگریس پارٹی فلور لیڈر بھونیشوری فلور لیڈروں کو بغیر کسی اطلاع کے ایجنڈہ تیار کرنے کی شکایت کی اور کہا کہ فلور لیڈروں کو ڈھائی سال کے عرصہ میں ان کے لئے نشستیں الاٹ نہیں کی تھی اور ان کے وارڈ نمبر 14 میں کئی مسائل درپیش ہیں۔ مگر عہدیدار ان کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ اس مسئلہ کو لیکر بھونیشوری نے پوڈیم کے روبرو کم از کم 2 گھنٹے تک ٹہر کر احتجاج کیا۔ احتجاج کو ختم کرنے تمام کونسلروں نے بھونیشوری سے مطالبہ کیا۔ لیکن بھونیشوری نے ایک نہ سنی ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اسی وقت عہدیداروں سے مثبت جواب ملنے تک یہاں سے نہ ہٹنے کا اعلان کیا۔ اضلاع کو ختم کرنے میونسپل چیرمین بھی گذارش کی۔ مگر بھونیشوری نے ایک نہ سنی۔ اس دوران وارڈ نمبر13 کونسلر شاردھا نے وارڈ نمبر 24 کونسلر وجئے لکشمی وارڈ نمبر 4کونسلر پرمیلما نے اپنے وارڈ کے درپیش مسائل کو حل کرنے عہدیداروں سے کئی مرتبہ نمائندگی کرنے پر بھی وہ لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے کی شکایت کرتے ہوئے ان کے وارڈز کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ سلسلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران ٹی آر ایس کونسلر گٹویادو، ٹی ڈی پی کونسلر ترمل کے درمیان کافی تلخ کلامی ہوئی۔ لیکن ساتھ کے کونسلروں نے سمجھا کر ان کو اپنی نشستوں میں بٹھایا۔ اس موقع پر ایم ایل اے بات کرتے ہوئے کہا کہ وارڈ کونسلر اپنے وارڈ کے مسائل حل کرنے کیلئے احتجاج کررہے ہیں تو متعلقہ عہدیداران کے مسائل کو حل کرنے کا ان کو تیقن کیوں نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے نوٹوں کی پابندی کے بعد ونپرتی میونسپل ٹیکسوں کے ذریعہ آمدنی ہوئی ہے۔ اس سے ونپرتی کے تمام وارڈز میں درپیش مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلور لیڈروں کو اصول اور ضوابط کے مطابق ان کی نشستوں کے الاٹ کرنے کیلئے کئی اجلاسوں سے بذات خود توجہ دینے پر بھی میونسپل چیرمین اور انتظامیہ لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ جو قابل افسوس ہے۔ دو گھنٹے بعد میونسپل انچارج کمشنر نے بھونیشوری کو تیقن دیا کہ 10ڈسمبر تک ان کے وارڈز میں درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے تیقن پر بھونیشوری نے احتجاج کو ختم کیا۔ احتجاج ختم ہوتے ہی وارڈ نمبر 13کونسلر شاردھا نے میونسپل چیرمین سے بحث میں کہا کہ پوڈیم کے سامنے ٹہر کر احتجاج کرنے پر ہی ان کے مسائل کو حل کیاجائے گا کہہ کر ان سے سوال کیا۔ اس دوران پھر سے دوبارہ کونسل ہال میں گرما گرم مباحث ہوئے اور ایجنڈہ پر مباحث شروع کرنا مشکل نظر آرہا تھا۔ اس اثناء میں ٹی آر ایس کونسلروں نے بطور احتجاج اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ بعد ازاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے چناریڈی اور اپوزیشن جماعتوں نے ایک جامع منصوبہ کے تحت میونسپل اجلاس کو ختم کرنے کیلئے اس طرح کا ڈرامہ کیا۔ اور اجلاس کو چلنے سے روکے رکھا۔ اس بات سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ ونپرتی کی ترقی میں ایم ایل اور اپوزیشن بی جے پی، کانگریس، ٹی ڈی پی جماعتیں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔ ان کے اس رویہ کے خلاف ٹی آر ایس پارٹی اجلاس سے واک آؤٹ کررہی ہے۔ اس موقع پر میونسپل انچارج کمشنر سریش ریڈی اے آئی یونس، بھاسکر، آر او وینکٹیشورلو کے علاوہ وائس چیرمین کرشنا موجود تھے۔