مین ہول کی صفائی کے دوران دو مزدور فوت

حیدرآباد۔ یکم مئی (سیاست نیوز) یوم محنت کش کے موقع پر پیش آئے ایک سانحہ میں دو مزدور مین ہول کی صفائی کے دوران دَم گھٹنے سے فوت ہوگئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ویراسوامی اور کوٹیا علاقہ کوٹھی پرگتی کالج کے قریب ایک مین ہول کی صفائی کے دوران حادثہ کا شکار ہوگئے۔ سلطان بازار پولیس کے بموجب یوم محنت کش کے موقع پر حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ چھٹی پر تھا اور مذکورہ دو مزدوروں کو مین ہول کی صفائی کیلئے لایا گیا۔ مین ہول میں موجود زہریلی گیاس کے اخراج کے نتیجہ میں دونوں مزدور دَم گھٹنے سے برسرموقع فوت ہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر سلطان بازار پولیس کی ایک ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر دونوں مزدوروں کی نعشوں کو باہر نکالا اور بعدازاں دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ مین ہول میں فوت ہونے کی اطلاع ملنے پر ویرا سوامی اور کوٹیا کے افراد خاندان وہاں پہنچ گئے اور زار و قطار رونے لگے۔ رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ مین ہول سے بروقت مزدوروں کو باہر نہیں نکالا گیا جس سے ان کی موت ہوگئی۔ سلطان بازار پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا۔