انچیون ۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ایشین گیمس مینس فٹبال کامپٹیشن کو آج میچ فکسنگ کی باتوں نے متاثر کردیا جبکہ بٹنگ کا تجزیہ کرنے والی کمپنی نے کہا کہ مشکوک اُلٹ پھیر کے طاقتور اشارے ملے ہیں۔ ایشین گیمس کے آرگنائزرس نے مکمل تحقیقات کا وعدہ کیا ہے جبکہ سوئیس نشین کمپنی Sportradarکی جانب سے سنگاپور کے اخبار میں یہ دعویٰ شائع ہوا ہے ۔ ایک عہدیدار نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ او سی اے اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ایشین فیڈریشن (اے ایف سی ) اور انٹرنیشنل فیڈریشن ( فیفا) کے ساتھ ربط قائم رکھتے ہوئے مناسب اور مکمل تحقیقات کرارہی ہے ۔ سنگاپور کے دی نیو پیپر میں اسپورٹ راڈار کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ بٹنگ کے نہج سے طاقتور اشارہ ملتا ہے کہ جنوبی کوریا کے انچیون میں جاری ٹورنمنٹ میں میچ فکسنگ ہورہی ہے ۔ انھوں نے کہا ، ’’ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں ایشین گیمس میں میچوں میں اُلٹ پھیر ہونے کا پورا یقین ہے ‘‘، اسپورٹ راڈار کے مینجنگ ڈائرکٹر اینڈریاس کرانج نے اپنے ادارے کی راست بازی کے تعلق سے یہ بات کہی ۔