میلاردیو پلی میں پلاسٹک فیکٹری کے مالک کا قتل

حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) مائیلاردیو پلی کے علاقہ علی نگر میں کل رات دیر گئے پیش آئے سنسنی خیز قتل کی واردات میں پلاسٹک ری سائیکلنگ کمپنی کے مالک کا قتل کردیا گیا۔ انسپکٹر سید نعیم الدین جاوید کے بموجب 40 سالہ قادر علی ساکن ٹولی چوکی کل رات دیر گئے کمپنی بند کرنے کے بعد اپنی کار میں مکان واپس لوٹ رہے تھے کہ علی نگر علاقہ میں عبداللہ اور طاہر نامی دو افراد نے ان کی کار روک کر آنکھ میں مرچ پاؤڈر ڈال کر چاقو سے متواتر وار کرتے ہوئے ان کا قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول قادر علی کے بھائی علیم نے اپنی بیوی تہنیت کو طلاق دے دیا تھا۔ اپنی بہن کی طلاق کیلئے قادر علی کو ذمہ دار ٹہراتے ہوئے ان سے انتقام لینے کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت کل رات دیر گئے منصوبہ بند طریقہ سے قادر علی کا قتل کردیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد علی نگر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی افراد نے مائیلاردیو پلی پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی اور خون میں لت پت قادر علی کو سنتوش نگر میں واقع ایک دواخانہ میں منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ مائیلاردیو پلی نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے عبداللہ اور طاہر کو حراست میں لے لیا۔