ساؤپاؤلو۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ارجنٹینا نے سوئٹزرلینڈ کو 1-0 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ساؤ پاؤلو میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف کے آغاز سے ہی تیز کھیل دیکھنے کو ملا۔ جلد ہی سوئس ٹیم کھیل کی رفتار سست کرنے میں کامیاب ہوگئی اور اس نے میسی سمیت ارجنٹینا کے فارورڈس کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا۔ پہلے ہاف میں ارجنٹینا کے مڈفیلڈر اور دفاعی کھلاڑی اس کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے جس کی ان سے امید کی جا رہی تھی۔ ارجنٹینا کے کھلاڑی ڈی ماریا کے گیند پر ناقص کنٹرول اور دفاعی کھلاڑیوں کی ناقص مارکنگ کے باعث سوئس ٹیم کئی مرتبہ گیند ارجنٹینا کی ڈی تک تو پہنچانے میں کامیاب رہی لیکن گول نہ کر سکی۔سوئٹزرلینڈ کے لاویزی نے اس ہاف میں گول کرنے کا یقینی اور آسان موقع کھویا۔
وے گیند لے کر اکیلے گول کیپر کے سامنے پہنچ گئے تاہم ان کی کک حیران کن طور پر کمزور تھی جسے ارجنٹینا کے کیپر نے باآسانی روک لیا۔دوسری جانب سوئس کھلاڑی سائے کی طرح ارجنٹینا کے اسٹار فارورڈ میسی کے ساتھ لگے رہے اور انھیں گیند آگے لے جانے کے مواقع نہیں مل سکے۔سوئٹزرلینڈ اس میچ کی بہتر ٹیم رہی لیکن قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ مقررہ وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے پر اضافی وقت دیا گیا جس کے پہلے ہاف میں بھی گول نہ ہو سکا۔تاہم اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اس میچ میں تنقید کا نشانہ بننے والے اینجل ڈی ماریا نے میسی کے پاس پر گول کرکے ارجنٹینا کو برتری دلوا دی۔ ڈی ماریا نے اس میچ میں 51 مرتبہ گیند کا کنٹرول کھویا لیکن آخر میں وہی ارجنٹینا کو اگلے مرحلے میں لے جانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے۔میچ ختم ہونے سے چند لمحے قبل سوئٹزرلینڈ کو میچ برابر کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن زیمیلی کا ہیڈر ارجنٹینا کے گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگیا۔ارجنٹینا آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے جہاں اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا۔