میسی کو اسپین سے باہر آنا چاہئے : رونالڈو

ٹورین (اٹلی)۔11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ اسپین میں لیونل میسی میرے بغیر اداس ہوں گے اور میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھی اٹلی آجائیں تو میچوں کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔ رئیل میڈرڈ کے سابق کھلاڑی اور اسپینش لیگ میں بارسلونا کے لئے کھیلنے والے ارجنٹیناکے اسٹار لیونل میسی کے روایتی حریف رونالڈو سے پوچھا گیا کہ کیا وہ میسی کی کمی محسوس کر رہے ہیں تو انہوں نے کہاکہ نہیں میرے خیال میں میسی کو میرے بغیر مزا نہیں آرہا ہوگا۔ میسی نے اپنی ساری عمر بارسلونا کے ساتھ گزار دی ، انہیں اسپین سے باہر نکلنا چاہئے۔ وہ میرے بغیر اداس ہوں گے اس لئے بہتر ہوگا کہ وہ بھی اٹلی آجائیں تاکہ انہیں کچھ تبدیلی کا احساس ہو۔ یاد رہے کہ طویل عرصے تک رئیل میڈرڈ میں کھیلنے والے رونالڈو نے گزشتہ سیزین میں90 ملین پاونڈ کے عوض اطالوی چمپئن کلب جوونٹس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ، اسپین ، پرتگال اور اٹلی میں کھیل رہا ہوں جبکہ میسی اسپین سے باہر نہیں نکلے، انہیں بھی میری طرح چیلنج قبول کرتے ہوئے مختلف کلبز کو آزمانا چاہئے تاہم اگر وہ اسپین اور بارسلونا میں کھیلنا پسند کرتے ہیں تو ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔ پرتگالی فٹبالر نے اپنے نئے کلب کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا کہ میں اب تک جتنے کلبز میں کھیلا ہوں جوونٹس ان میں سب سے بہترین ہے، یہاں کا ما حول ،کھلاڑی ، نظم و ضبط اور انتظامات شاندار جبکہ اس کیساتھ شائقین بھی بہت اچھے ہیں۔