میسی ورلڈ کپ میں اپنی چھاپ چھوڑنے میں ناکام

ساؤپاؤلو۔10جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی جو کہ بارسلونا کے لئے گول بنانے کی مشین تصور کئے جاتے ہیں لیکن برازیل میں رواں فیفا ورلڈ کپ میں وہ ہنوز گول بنانے کی اپنی چھاپ چھوڑنے میں ناکام ہیں ‘ تاہم انہیں اتوار کو جرمنی کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں ایک موقع دستیاب رہے گا جہاں وہ ٹیم کیلئے غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کرواسکتے ہیں ۔ چارمرتبہ کے دنیا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے میسی ورلڈ کپ کے ابتدائی مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب تو رہے لیکن ناک آؤٹ مقابلہ میں ان کے مظاہرے مایوس کن ہیں جیسا کہ گذشتہ رات ہالینڈ کے خلاف ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں میسی کی موجودگی کے باوجود مقابلہ مقررہ اور اضافی وقت کے باوجود 0-0سے برابر رہا ۔ اب یہ بحث زور پکڑ چکی ہے کہ میسی ‘ میراڈونا اور پلّے میں بہترین کھلاڑی کون ہیں لیکن میراڈونا نے 1986ء کے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم ارجنٹینا کیلئے جو غیر معمولی مظاہرے کئے تھے اس کے برعکس رواںورلڈ کپ میں میسی کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے ۔

1986ء کے ورلڈ کپ میں میراڈونا نے تنہا اہم مقابلوں میں غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو عالمی چمپئن بنوایا تھا جیسا کہ سیمی فائنل میںبلجیم کے خلاف دو گول جب کہ فائنل میں مغربی جرمنی کے خلاف 3-2کی کامیابی میںمیرا ڈونا کے اہم گولس نے کلیدی رول ادا کئے تھے ۔ اسی طرح کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف دو گول جس میں مشہور ’’ہینڈ آف گارڈ‘‘ کا گول بھی شامل ہے ۔ دوسری جانب میسی گروپ مرحلہ کے بعد ارجنٹینا کے لئے برازیل میںکھیلے جارہے ورلڈ کپ میں گول نہیں کرپائے ہیں ۔ بوسنیا کے خلاف ابتدائی مقابلہ میں میسی نے گول کیا تھا جس کے بعد ایران کے خلاف سخت جدوجہد کے باوجود انہیں اضافی وقت میں گول بنانے کا موقع ملا ۔ نائجریا کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں ٹیم کی 3-2کی کامیابی میں میسی نے دو گول اسکور کئے ہیں لیکن اسکے بعد سے ناک آؤٹ مرحلہ کے انتہائی اہم مقابلوںمیں میسی گول کرنے میں ناکام ہیں۔