میسی اور رونالڈو میں پھر برتری کی لڑائی

مانچسٹر ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیائے فٹبال کے موجودہ دو بڑے نام اور میدان میں ایک دوسرے کے سب سے بڑے حریف لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے درمیان مانچسٹر میں برتری کی لڑائی ہوگی ۔ دونوں کھلاڑی ارجنٹینا اور پرتگال کے درمیان کھیلے جانے والے دوستانہ میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔پرتگالی ٹیم رواں برس برازیل میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں بری طرح ناکام ہوئی تھی۔ رونالڈو اس مہم میں اپنی ٹیم کی قیادت کررہے تھے لیکن وہ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوپائے تھے تاہم دوسری جانب میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کو فائنل میں جرمنی نے شکست دی ۔ دوستانہ مقابلہ سے قبل مذکورہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ماحول کافی گرم ہوچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے میسی کو انتہائی قابل اعتراض اور غیراخلاقی نام سے پکارا ہے تاہم خود رونالڈو نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔ اس بات کو لے کر ماحول میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ فٹبال شائقین ان دو غیرمعمولی کھلاڑیوں کو برسرپیکار دیکھنے کیلئے بے چین ہیں۔ رونالڈو ان دنوں زبردست فارم میں ہیں، انہوں نے رواں سال نہ صرف میسی کو دنیا کے بہترین فٹبالر کے ایوارڈ سے محروم کیا ہے بلکہ وہ سیزن میں 23 گولز بھی اسکور کرچکے ہیں۔ ان کی ٹیم یورو کپ 2016 کوالیفائنگ رائونڈ میں ڈنمارک اور آرمینیا کو مات دے چکی ہے۔ دوسری جانب ارجنٹینا ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بہت اچھی فارم میں ہے، اس نے میگا ایونٹ کے محض تین ہفتے بعد بین الاقوامی مقابلے میں جرمنی کو 2-4 سے شکست دے کر ناکامی کا بدلہ لیا تھا جبکہ حالیہ دنوں میں اس نے کروشیا کو 1-2 سے مات دی ہے۔