دفتر سی ای او کے باہر ہزاروں افراد کا اجتماع ، شہر میں اسکول، دفاتر و دکانیں بند
ایزال (میزورم)۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) میزورم میں آنے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ہزاروں لوگ دفتر چیف الیکٹورم آفیسر ایس بی ششانک کے باہر جمع ہوئے اور زبردست احتجاج کیا۔ گزشتہ روز کا یہ پرامن احتجاج ان کی برطرفی کے مطالبہ کے ساتھ کیا گیا۔ اس معاملہ میں نازک موڑ تب آیا جب چیف الیکٹورل آفیسر نے پرنسپل سکریٹری (ہوم) لال نن ماویا چاونگو کے خلاف شکایت کی کہ وہ مبینہ طور پر انتخابی عمل میں مداخلت کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں انہیں برطرف کیا گیا۔ بہت بڑی تعداد میں ہجوم صبح 8 بجے ٹریژری اسکوائر کی مصروف سڑک کے قریب واقع سی ای او کے آفس کے باہر جمع ہوئے اور زائد از 4 گھنٹے راستے کو وہ روکے رکھا تاہم ششانک اس وقت دفتر میں موجود نہیں تھے۔ انہیں اضافی سکیوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ایزال میں کئی اسکول، دکانات اور دفاتر بند رہے جبکہ مامت ٹائون میں بھی مکمل بند منایا گیا جہاں بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا۔ میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 5 دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس میں بھی ایجی ٹیشن منعقد کیا گیا۔ میزوروم این جی او کوآرڈینیشن کمیٹی جو غیر سرکاری تنظیموں اور سیول سوسائٹی گروپوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، اس نے ششانک سے مطالبہ کیا تھا کہ چاونگو کی برطرفی کے تناظر میں وہ 5 نومبر تک اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں اور ریاست چھوڑ دیں۔