سیاہا ( میزورم ) 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ میزروم کی ترقی کیلئے کانگریس حکومت نے کچھ نہیں کیا ہے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ بی جے پی کو ریاست میں اگر اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ یہاں بنیادی سہولیات کی آئندہ چھ ماہ میں فراہمی کو یقینی بنائیگی ۔ یہاں سڑکوں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جائیگا ۔ یہاں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں سڑکوں کی حالت بد سے بدتر ہوگئی ہے ۔ اگر یہاں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو حکومت ہائی ویز تعمیر کریگی اور مین روڈز کو بہتر بنایا جائیگا ۔ یہ کام چھ ماہ میں کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ میزورم میں ملک کا دوسرا سب سے بدترین روڈ نیٹ ورک ہے اوراسے ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دستور میں ترمیم کرتے ہوئے خود محتار ضلع کونسلوں کو زیادہ اختیارات دئے جائیں گے ۔ میزورم شمال مشرق میں کانگریس کا طاقتور گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں 28 نومبر کو رائے دہی ہونے والی ہے ۔