ماسکو۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) 15 سال سے ٹینس کورٹ میں لوہا منوانے والی روسی ٹینس کوئین ماریا شاراپوا نے کہا کہ میری زندگی میں سب سے مشکل کام سفر اور شیڈول ہے۔ ہر وقت شیڈول بدلتا رہتا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران شاراپوا نے کہا کہ اپنے کیریئر کے دوران ہمیں راستہ تلاش کرنا پڑتا ہے ۔ مجھے اپنے افراد خاندان سے محبت ہے جب سے میں پیدا ہوئی ہوں میں اپنی فیملی کیساتھ زیادہ وابستہ ہوں جو میری زندگی کا سب سے حسین لمحہ ہے۔ دوستی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے بہت سارے دوست ہیں جب سے کیریئر شروع ہوا ہے دوستوں کی فہرست طویل بن چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینیس اسٹار شارا پوا نے کہا کچھ دوستوں کا تعلق ٹینس سے ہے، کچھ دوست دیگر کھیلوں سے وابستہ ہیں جبکہ متعدد کاروباری افراد بھی میرے دوستوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ میری پرورش روسی کلچر میں ہوئی جہاں اس طرح کاکلچر ہمارے بہت قریب ہوتا ہے جس سے کافی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے کچھ عرصے کے دوران میں نے امریکی کلچرکو اپنایا ہے جہاں میں نے سیکھا ہے کہ یہاں کہ لوگ دوستی میں کافی اچھے ہیں لیکن جب فراغت کے لمحات میں اپنے ملک واپس جاتی ہوں تو سب اچھی چیزیں کھانے کو ترجیح دیتی ہوں۔ روس میں موجودگی کے دوران میں بہت زیادہ مزاح پسند کرتی ہوں۔