انچیان ۔یکم ، اکٹوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ایم سی میری کوم آج ہندوستان کی ایسی پہلی خاتون باکسر ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس نے باکسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ 51 کیلو گرام زمرہ کے فلائی ویٹ کے خطابی مقابلہ میں میری کوم نے قزاقستان کی زہینا شیکر بیکوا کو شکست دیکر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ آج کے مقابلوں میں میری کوم واحد ہندوستانی باکسر تھی جنہوں نے ایکشن میں رہتے ہوئے حریف باکسر کو 2-0 سے شکست دی حالانکہ مقابلہ کے آغاز پر حریف باکسر نے سبقت حاصل کرلی تھی۔ پانچ مرتبہ کی عالمی چمپین اور اولمپک کی برونز میڈلسٹ نے مقابلہ کے بتدریج آگے بڑھنے کے ساتھ اپنے مظاہرہ کے معیار کو بلند کیا۔ علاوہ ازیں میری کوم کے گولڈ میڈل کی وجہ سے ہندوستان نے ممالک کی درجہ بندی میں 10 واں مقام حاصل کرلیا۔ میری کوم نے گولڈ میڈل کے ذریعہ جہاں ہندوستانیوں کی توجہ اپنی جانب کرلی تھی وہیں، درمیانی فاصلہ کی دوڑ میں ٹینٹو لوکا نے سلور میڈل حاصل کیا۔ علاوہ ازیں ہاکی کے شعبہ میں ہندوستانی ٹیم نے چاپان کو شکست دیتے ہوئے برونز میڈل حاصل کرلیا۔ایک اور ہندوستانی باکسر ایل سریتا دیوی نے آج خود کو ملنے والے برونز میڈل کو مسترد کردیا ہے۔