میری قسمت سے عوام کا فائدہ :مودی

نئی دہلی۔یکم فبروری( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی نے دہلی میں بی جے پی کو اکثریت دلانے کی عوام سے خواہش کی اور انہوں نے خود کو ’’خوش قسمت ‘‘ شخص کے طور پر پیش کیا ۔ انہوں نے اپنے حریفوں کا مضحکہ اُڑایا جو اُن کی میعاد کے دوران خوش قسمتی کی وجہ سے کامیابیوں کا سہرا اپنے سرباندھ رہے ہیں ۔ نریندر مودی نے آج ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے 8ماہ قدیم مرکزی حکومت کی کارکردگی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے عوام کو فائدہ ہورہا ہے اور وہ اپنی رقم کی بچت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی حریف بالخصوص کانگریس کا یہ کہنا ہے کہ قیمتیں اس لئے کم ہوئی کیونکہ وہ (مودی) خوش قسمت ہیں ۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا وہ خوش قسمت شخص کو پسند کریں گے یا ایسے شخص کو جو اتنا خوش قسمت نہیں ہے ؟ ۔ انہوں نے حریفوں کو کے استدلال کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں لیکن عوام اپنے پیسوں کی بچت کررہے ہیں ۔