نئی دہلی ۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ نتن گڈکری کی رہائش گاہ پر جاسوسی کے لئے خفیہ آلات لگائے جانے کے معاملہ کی ملک گیر پیمانے پر تشہیر ہوگئی ہے، وہیں گڈکری کا یہ کہنا ہیکہ ان کی رہائش گاہ پر ان کی بات چیت کی ریکارڈنگ کرنے والا کوئی آلہ دستیاب نہیں ہوا ہے۔ مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائش گاہ سے کوئی خفیہ آلات دستیاب نہیں ہوئے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ ایسی رپورٹس مل رہی تھیں کہ وزیر موصوف کی تین مورتی لین میں واقع رہائش گاہ کی خواب گاہ سے انتہائی طاقتور سماعتی آلات دستیاب ہوئے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ گڈکری نے ان رپورٹس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تردید کی اور اس طرح انہوں نے تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن نے رائی کا پہاڑ بناتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی ہے جبکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی کل ایک بیان دیتے ہوئے اس معاملہ کی تحقیقات کروانے کی تجویز پیش کی تھی۔